راولپنڈی: جنوبی وزیرستان کے علاقے کرامہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ایک شدید مقابلے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے جبکہ چار پاکستانی جوانوں نے مادرِ وطن کی حفاظت کرتے ہوئے شہادت پائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی اس وقت ہوئی جب دہشت گردوں نے کرامہ میں سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا۔ فورسز نے فوری اور موثر جواب دیتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ تاہم، فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے چار جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔
شہید ہونے والے جوانوں میں نائب صوبیدار طیب شاہ، جن کی عمر 38 سال تھی اور تعلق ٹانک سے تھا، جبکہ لانس نائیک گلاب زمان اور لانس نائیک مزمل محمود دونوں کا تعلق کرک سے تھا اور ان کی عمریں 30 سال تھیں۔ لانس نائیک حبیب اللہ، عمر 28 سال، کا تعلق اورکزئی سے تھا۔
نائب صوبیدار طیب شاہ نے اپنے 20 سال وطن کی خدمت میں گزارے، لانس نائیک گلاب زمان نے 9 سال، جبکہ حبیب اللہ اور مزمل محمود نے 7 سال تک ملکی دفاع میں حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے بہادری سے لڑتے ہوئے ان دہشت گردوں کا سامنا کیا اور شہید ہونے والے جوانوں کی عظیم قربانیاں ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔ علاقے میں دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے مکمل سیکیورٹی آپریشن جاری ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔