افغانستان کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی محمد نبی نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ افغان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نصیب خان کے مطابق محمد نبی نے چیمپئنز ٹرافی کے بعد ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے اور انہوں نے اس فیصلے سے بورڈ کو باقاعدہ آگاہ کر دیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو نصیب خان نے کہا کہ محمد نبی نے کچھ ماہ پہلے اپنی ریٹائرمنٹ پر بات کی تھی، جس میں انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کے بعد ون ڈے فارمیٹ کو چھوڑنے کا عندیہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ محمد نبی کے اس فیصلے کا احترام کرتا ہے اور خوشی ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیل جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ 39 سالہ محمد نبی نے 2009 میں افغانستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنا بین الاقوامی کیریئر شروع کیا اور 2019 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔