کراچی: کراچی ایئرپورٹ سگنل پر چینی انجینیئرز کو نشانہ بنانے والے خودکش حملے کے ماسٹر مائنڈ کو بلوچستان سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیوں کے دوران 2 خودکش حملہ آوروں سمیت 6 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں سے دو کا مقصد کراچی میں سیکیورٹی فورسز اور غیرملکی افراد پر حملے کرنا تھا۔ ان میں ایک دہشت گرد، جو کہ چینی انجینئرز پر ایئرپورٹ کے سگنل پر ہونے والے خودکش حملے کا ماسٹر مائنڈ بتایا جاتا ہے، کو وندر سے گرفتار کیا گیا۔
اس کے علاوہ انٹیلیجنس آپریشنز کے ذریعے دیگر علاقوں سے بھی 4 دہشت گرد پکڑے گئے ہیں۔ اس سے قبل، سی ٹی ڈی اور پولیس نے حیدرآباد سے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے دستی بم، آئی ای ڈی بنانے کے آلات، بال بیئرنگ، بیٹری، اور ریموٹ کنٹرول برآمد کیا تھا۔
یاد رہے کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ہونے والے اس خوفناک دھماکے میں تین غیرملکی ہلاک، جبکہ سترہ افراد، جن میں چار پولیس اور دو رینجرز اہلکار بھی شامل تھے، زخمی ہوئے تھے۔