اسلام آباد: یورپی ملک ڈنمارک کی مشہور کنٹینر شپنگ کمپنی، میرسک لائن، نے پاکستان کے بحری شعبے میں 2 ارب ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، جس پر پاکستانی حکومت نے بھرپور تعاون کا عندیہ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے اسلام آباد میں میرسک لائن کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے اس سرمایہ کاری کو پاکستان کی شپنگ اور لاجسٹکس انڈسٹری کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ اس شراکت داری سے ملک کو طویل مدتی معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔
میرسک لائن کے حکام نے حکومت اور وزارت بحری امور پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ قیصر احمد شیخ نے کمپنی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت میرسک لائن کے آپریشنز کو آسان بنانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ اس ملاقات میں شراکت داری کے قواعد و ضوابط پر بات چیت ہوئی ہے اور جلد ہی دونوں فریقین کے درمیان باقاعدہ معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس تعاون سے پاکستان میں مزید غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھلیں گے اور بحری انفراسٹرکچر کو ترقی ملے گی۔