ریاض: عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے بعد سعودی عرب اور ایران کے تعلقات میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔ ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات دونوں ممالک کے لیے انتہائی اہم ہیں اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔
محمد رضا عارف کا کہنا تھا کہ ایران سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں گہرائی پیدا کرنا چاہتا ہے جس میں علاقائی مسائل پر مشترکہ تعاون بھی شامل ہوگا۔ ان کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت پر تہران میں قدردانی کی گئی ہے۔
عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے دوران ایران کے نائب صدر نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور غزہ کے مسئلے پر سعودی موقف کی تعریف کی۔ اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی گئی اور اسرائیل کو اسلحہ کی سپلائی بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اعلامیے میں لبنان اور غزہ پر جاری اسرائیلی حملے فوری روکنے پر بھی زور دیا گیا۔