لاہور: ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر شدید دھند کے باعث فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 11 پروازیں منسوخ اور 53 پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پنجاب کے مختلف ہوائی اڈوں پر دھند کی شدت سے فضائی آمدورفت میں خلل پڑا، 11 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جب کہ 3 پروازوں کو متبادل ہوائی اڈوں پر اتارا گیا۔ کراچی سے اسلام آباد جانے والی 7 پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔
مزید تفصیلات کے مطابق، کراچی سے فیصل آباد، لاہور سے کوئٹہ، اور جدہ سے لاہور آنے والی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ مسقط سے سیالکوٹ اور اسلام آباد سے گلگت جانے والی پروازوں پر بھی اثر پڑا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ لاہور سے کوالالمپور اور بینکاک کے لیے جانے والی پروازیں بھی صبح تک روانہ نہیں ہو سکیں۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ روانگی سے قبل پروازوں کی تازہ ترین صورتحال معلوم کریں۔