کراچی: گزشتہ ہفتے پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری ریکارڈ کی گئی جبکہ امریکی ڈالر اور دیگر غیر ملکی کرنسیوں کی قیمتوں میں معمولی کمی ہوئی۔
اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 7 پیسے سستا ہوکر 277.74 روپے سے کم ہوکر 277.67 روپے پر بند ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 9 پیسے کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد یہ 278.65 روپے پر آگیا۔
اسی طرح یورو کی قیمت میں بھی نمایاں کمی ہوئی اور 6.93 روپے کی کمی کے بعد یہ 292.97 روپے کا ہوگیا، جبکہ برطانوی پاؤنڈ 9.58 روپے کمی کے ساتھ 351.12 روپے پر پہنچ گیا۔
یو اے ای درہم کی قیمت میں 1 پیسے کمی کے بعد یہ 75.96 روپے کا ہوگیا، تاہم سعودی ریال کی قیمت میں 4 پیسے کا اضافہ ہوا اور یہ 74.18 روپے تک پہنچ گیا۔
ذخائر کی صورتحال
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق اس کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 8.40 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا جس سے ذخائر 11 ارب 25 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے۔ دوسری جانب کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 5.10 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی اور یہ 4 ارب 70 کروڑ ڈالر تک محدود ہوگئے۔
مجموعی طور پر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 3.40 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ 15 ارب 96 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئے ہیں۔