چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان بھارتی ہٹ دھرمی کے سبب مزید تاخیر کا شکار ہو سکتا ہے، کیونکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعہ تاحال برقرار ہے۔
ذرائع کے مطابق، بھارت نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر دیا ہے، جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے پر قائم ہے۔ اس کشیدگی کی وجہ سے اگلے 24 گھنٹوں میں شیڈول کا اعلان ممکن نہیں دکھائی دے رہا، تاہم اگر اسٹیک ہولڈرز نے لچک دکھائی تو شیڈول کے اعلان کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب، تمام اسٹیک ہولڈرز چیمپئنز ٹرافی کو شیڈول کے مطابق باہمی رضامندی سے منعقد کرنے کے حق میں ہیں۔ براڈکاسٹرز نے خبردار کیا ہے کہ اگر پاک بھارت میچ نہ ہوا تو وہ قانونی کارروائی پر غور کریں گے، جس سے ایونٹ کے انعقاد پر مزید دباؤ بڑھ سکتا ہے۔