سکیورٹی فورسز نے بنوں، ڈیرہ بگٹی، آواران اور کیچ میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 7 خوارج دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، بنوں میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں 3 خوارج مارے گئے اور 2 زخمی ہوئے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد مختلف دہشتگردانہ سرگرمیوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
بلوچستان کے ضلع آواران میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد نیاز عرف گھمن اور ظریف عرف شاہ جہان مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دونوں دہشتگرد علاقے میں سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
مزید برآں، ڈیرہ بگٹی اور ضلع کیچ میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران ایک ایک دہشتگرد ہلاک کیا گیا۔ ان دہشتگردوں کا تعلق بھی سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملوں سے تھا۔
سکیورٹی فورسز کے حالیہ اقدامات ملک میں امن و امان کی بحالی کے لیے ان کی انتھک کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔