وزیراعظم شہباز شریف نے بشریٰ بی بی کے سعودی عرب سے متعلق بیان کو پاکستان دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا مخلص اور قابل اعتماد دوست اور برادر اسلامی ملک رہا ہے، اور اس کے خلاف زہر آلود بیانات دینا ناقابل معافی جرم ہے۔
تونسہ میں کچھی کینال کی بحالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر دور میں پاکستان کی مدد کی ہے، چاہے حکومت کسی کی بھی ہو۔ سعودی حکومت نے کبھی کسی مدد کے بدلے کوئی شرط عائد نہیں کی، اور ان کے جذبہ خیر سگالی کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ شاہ سلمان پاکستان کے لیے گہرے جذبات رکھتے ہیں اور سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے اربوں ڈالر کے معاہدے ہوئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بشریٰ بی بی کے بیانات سے ملک کو نقصان ہو سکتا ہے اور ایسے بیانات معاشرے میں زہر گھولنے کے مترادف ہیں۔
کچھی کینال منصوبے کی بحالی پر وزیر اعظم کا اظہار اطمینان
کچھی کینال کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ منصوبہ حکومت پنجاب کے تعاون سے پایہ تکمیل کو پہنچا ہے۔ انہوں نے بلوچستان اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشرف دور میں کچھی کینال منصوبے کو تباہ کیا گیا، لیکن نواز شریف کے دور میں اس منصوبے کو دوبارہ شروع کیا گیا جو آج مکمل ہو رہا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ 2022 کے سیلاب نے کچھی کینال کو شدید نقصان پہنچایا تھا، لیکن اب اس کی بحالی مکمل ہو چکی ہے اور اگلے مرحلے کے لیے وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان اور پنجاب کے محنتی وزرائے اعلیٰ کی قیادت میں دونوں صوبوں کے مسائل حل ہوں گے۔
زرعی شعبے میں بہتری اور فلاحی اقدامات کا ذکر
وزیراعظم نے پنجاب میں کینسر اسپتال کی تعمیر اور فری ٹریکٹرز کی تقسیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے زرعی شعبے میں انقلاب آئے گا۔ انہوں نے مریم نواز کے ترقیاتی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے۔