پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا سلسلہ برقرار ہے، اور 100 انڈیکس نے ایک اور ریکارڈ سطح عبور کر لی ہے۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ کا آغاز مثبت ہوا، اور انڈیکس جلد ہی 98 ہزار پوائنٹس کی حد سے اوپر چلا گیا۔
مارکیٹ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس میں 947 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس سے انڈیکس 98,275 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی، جب 100 انڈیکس نے 97,437 پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھوا اور دن کا اختتام 1,781 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 97,328 پوائنٹس پر کیا۔
جمعرات کو ہونے والی کاروباری سرگرمیوں میں 96 کروڑ 99 لاکھ شیئرز کا لین دین 35 ارب 16 کروڑ روپے مالیت میں طے پایا، جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 196 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو بڑھ کر 12,525 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
مارکیٹ کے ماہرین کے مطابق اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کی بڑی وجہ معیشت میں استحکام کی توقعات اور سرمایہ کاروں کا بڑھتا ہوا اعتماد ہے۔