خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں گل امام کے علاقے میں پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کے حملے کے نتیجے میں 5 اہلکار اور 2 راہگیر زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں نے چیک پوسٹ پر اچانک فائرنگ کی، جس سے اہلکار زخمی ہوئے، جبکہ دو راہگیر، جو اس وقت قریب سے گزر رہے تھے، بھی گولیوں کا نشانہ بنے۔
واقعے کے بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ڈی پی او ٹانک کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ علاقے میں کشیدگی برقرار ہے اور حکام نے عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔