کراچی:جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے جسٹس کریم خان آغا کو سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچز کا سربراہ مقرر کر دیا ہے، جن کی قیادت میں 9 رکنی بینچ اہم آئینی معاملات کا جائزہ لے گا۔
سپریم کورٹ کے رجسٹرار کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت کمیشن کے اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچز کی تشکیل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں دیگر اراکین سمیت جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین خان، اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی نے شرکت کی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ جسٹس کریم خان آغا دو ماہ کی مدت کے لیے آئینی بینچز کی سربراہی کریں گے۔ اس بینچ میں جسٹس سلیم جیسر، جسٹس عمر سیال، جسٹس یوسف علی سید، جسٹس عبدالمبین لاکھو، اور دیگر شامل ہیں۔
کمیشن کے فیصلے کے مطابق، آئینی بینچز کا قیام مقدمات کے بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کرنے اور تیزی سے فیصلے کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون، اٹارنی جنرل، اور دیگر اہم حکومتی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں آئینی بینچز کی تشکیل کا عمل مکمل نہیں ہو سکا تھا، تاہم اب چیف جسٹس کی تجویز پر تمام موجودہ ججز کو بینچز میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
مزید برآں، 26ویں آئینی ترمیم کے تحت جوڈیشل کمیشن کے پہلے اجلاس میں آئینی بینچز کے لیے ججز کی نامزدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا، جس میں مخصوص مدت کے لیے بینچز کی تشکیل پر اتفاق کیا گیا۔
یہ اقدامات سندھ ہائی کورٹ میں مقدمات کی جلد از جلد سماعت اور آئینی معاملات کو حل کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔