راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مسلح افواج قوم کی حمایت سے ملک کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے نارووال اور سیالکوٹ کے تربیتی میدانوں کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر گوجرانوالہ اور آئی جی ٹریننگ نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران آرمی چیف کو مشق کے مقاصد پر بریفنگ دی گئی اور انہوں نے جوانوں کے تربیتی معیار، پیشہ وارانہ تیاریوں اور بلند حوصلے کی تعریف کی۔
آرمی چیف نے مشقوں کا معائنہ کرتے ہوئے جوانوں سے گفتگو کی اور کہا کہ دشمن کے کسی بھی حملے سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشق کا مقصد افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے تاکہ وہ کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم کی حمایت سے افواج پاکستان دفاع وطن اور ملکی سلامتی کے لیے ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل اہلیت رکھتی ہیں اور ملک کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنائیں گی۔