جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے پس پردہ مذاکرات جاری ہیں لیکن وہ ملک سے باہر جانے پر آمادہ نہیں۔
ایک انٹرویو میں حافظ حمد اللہ نے کہا کہ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے کئی بار رابطے کیے گئے ہیں۔ تاہم، معاملہ اس بات پر اٹکا ہوا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے 9 مئی کے واقعات پر قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، لیکن بانی پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ ان واقعات سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نئے انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کر رہے ہیں اور بیرون ملک جانے کے حق میں نہیں۔
حافظ حمد اللہ نے ملکی سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی جیسی بڑی جماعتیں بھی وہی کچھ کر رہی ہیں جو وہ خود کرنا نہیں چاہتیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا موجودہ حکومت واقعی ن لیگ کی ہے یا پیپلز پارٹی کی حمایت سے قائم ہے؟
مزید گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ 20 منٹ میں قانون سازی ہوتی ہے، یہ کس کے دباؤ پر ممکن ہوتا ہے؟ میں اس مینڈیٹ کو قبول نہیں کرتا کیونکہ حکومت تو کسی اور کے ہاتھ میں ہے۔