وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں "ستھرا پنجاب” تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور پاکستان سے سیاسی گند صاف کرنا آج کے وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرف سے کی گئی ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ان کی کسی کال پر کان نہیں دھرا۔
مریم نواز نے پی ٹی آئی کے احتجاج کو پرتشدد قرار دیتے ہوئے کہا کہ "پرامن احتجاج کرنے والوں کی بات سنی جاتی ہے، لیکن یہاں ہتھیاروں سے لیس ہو کر حملے کیے گئے۔” انہوں نے 9 مئی کے واقعات پر عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں ایسے حملے برداشت نہیں کیے جا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں پر کیلوں والے ڈنڈوں سے حملے کیے گئے جس سے متعدد اہلکار شدید زخمی ہوئے۔ سی ایم ایچ راولپنڈی کے اپنے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں زخمی اہلکاروں کے حالات بیانات سے زیادہ بھیانک تھے۔
مریم نواز نے الزام لگایا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے بدامنی پھیلانے کے لیے غیر ملکی عناصر کو بھاری معاوضے دیے، جس سے ملک میں دہشت گردی کو فروغ ملا۔
انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، "چار سال حکومت کی، اب جیل برداشت کریں۔ غلط حرکتیں کرنے کا انجام یہی ہوتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کو وفاق کے سامنے کھڑا کرنا ایک خطرناک رجحان ہے، اور اس مجرمانہ سوچ کا خاتمہ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔