پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کر کے مدارس رجسٹریشن بل پر ان کے تحفظات دور کر دیے۔
یہ ملاقات مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ہوئی، جہاں مولانا نے صدارتِ آصف زرداری کی جانب سے مدارس بل پر دستخط نہ ہونے پر اپنے خدشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دونوں رہنماوں کی ملاقات مثبت رہی اور باہمی اتفاق رائے سے مسائل حل کرنے پر زور دیا گیا۔
جے یو آئی (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اس موقع پر کہا کہ بلاول بھٹو پہلے بھی مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے پر ہمارے ساتھ کھڑے تھے اور اب بھی ہیں۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل دونوں ایوانوں سے منظور ہو چکا ہے، صرف صدارت کے دستخط باقی تھے، جس کے بارے میں پیپلز پارٹی نے مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔
یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو 7 دسمبر کی ڈیڈ لائن دی تھی، کہ اگر مدارس بل پر دستخط نہ ہوئے تو 8 دسمبر کو پشاور میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
مولانا نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے پارلیمنٹ سے منظور کردہ بل پر دستخط نہ کیے تو اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔