سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو ان کے قریبی لوگوں اور اہلیہ سے خطرہ لاحق ہے، اور ان کی زندگی بچانا میری اولین ترجیح ہے۔
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے بتایا کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو درپیش خطرات اور مدارس رجسٹریشن بل میں تاخیر کے معاملے پر مولانا سے گفتگو کی ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ نفرت کی سیاست ختم کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمان کا کردار قابلِ ستائش ہے، اور میں تمام فریقین سے بات چیت کے لیے تیار ہوں کیونکہ مذاکرات ہی بڑے مسائل کا حل ہیں۔
انہوں نے کے پی کے میں جے یو آئی کے مینڈیٹ کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فارم 45 اور دیگر معاملات پر بھی مولانا فضل الرحمان سے بات کی گئی ہے۔
فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ وہ پرو اسٹیبلشمنٹ اور پرو جوڈیشری ہیں اور دھرنے کے دوران ہونے والے جوانوں کی قربانیوں کو نہیں بھول سکتے۔