چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی اور شیڈول طے کرنے کیلئے آئی سی سی کا اہم اجلاس ایک بار پھر ملتوی کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے میزبانی کے معاملات پر فیصلہ ہونا تھا، تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کے مطالبات پر اپنی حکومت سے مشاورت کے بعد جواب دینا تھا، جو تاحال نہیں دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنے سخت مؤقف پر قائم ہے اور مطالبات پر پیش رفت نہ ہونے کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی کے معاملات اب تک تعطل کا شکار ہیں۔ آئی سی سی نے اجلاس کا انعقاد غیر مؤثر سمجھتے ہوئے دوبارہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔
خیال رہے کہ یہ تیسری بار ہے جب چیمپئنز ٹرافی سے متعلق آئی سی سی اجلاس کو ملتوی کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی میزبان حیثیت کے حوالے سے بھارت کی روایتی ہٹ دھرمی بھی معاملات کو مزید پیچیدہ کر رہی ہے۔