پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے اپنے نیٹ ورک کی بحالی کے سلسلے میں کراچی سے تربت کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق، 16 دسمبر سے کراچی اور تربت کے درمیان پروازیں شیڈول میں شامل کر دی گئی ہیں۔ قومی ایئرلائن پیر اور بدھ کے روز ہفتہ وار دو پروازیں آپریٹ کرے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ تربت اور گوادر کے لیے پی آئی اے کا آپریشن مضبوط بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔ ان پروازوں سے نہ صرف خطے کی معیشت کو سہارا ملے گا بلکہ سی پیک جیسے اہم منصوبوں کو بھی تقویت ملے گی۔
ترجمان پی آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ یورپ کے لیے پروازوں کی بحالی کے بعد 10 جنوری 2025 کو پہلی فلائٹ اسلام آباد سے پیرس کے لیے روانہ ہوگی۔
ابتدائی طور پر، یورپ کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں چلائی جائیں گی، جو کہ جمعہ اور اتوار کو آپریٹ ہوں گی، اور بعد میں ان کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔