کراچی کے بجلی صارفین کے لیے اچھی خبر ہے، بجلی کی قیمت میں 27 پیسے فی یونٹ کمی متوقع ہے۔ کے الیکٹرک نے اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت نیپرا کو درخواست جمع کرائی ہے، جس پر آج سماعت ہوگی۔
کمی کی منظوری کی صورت میں، کراچی کے صارفین کو مجموعی طور پر 46 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔ تاہم، یہ ریلیف معمولی ہوگا کیونکہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے ملک بھر سمیت کراچی کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 20 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا تھا۔
نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ اضافہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیا گیا، جس سے بجلی صارفین پر 1 ارب 18 کروڑ 70 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
یہ اضافہ دسمبر 2024 کے لیے ایک ماہ تک لاگو ہوگا۔ لائف لائن اور پری پیڈ صارفین پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا، جبکہ ونٹر پیکیج کے تحت اضافی بجلی کے استعمال پر بھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی وصولی نومبر میں ختم ہو چکی ہے، جو 1 روپے 74 پیسے فی یونٹ تھی۔