لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے اغوا اور ہنی ٹریپ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ عدالت نے آمنہ عروج اور حسن شاہ سمیت 12 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس کی سماعت کی۔ تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ عدالت نے پراسیکیوشن کے گواہوں کو 20 دسمبر کو طلب کر لیا اور کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ جولائی میں خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کر کے اغوا کرنے کا واقعہ سامنے آیا تھا۔ آمنہ عروج نے انہیں ڈرامہ بنانے کے بہانے اپنے گھر بلایا، جہاں 7 سے 8 مسلح افراد نے انہیں یرغمال بنایا۔ ملزمان نے ان پر تشدد کیا، ان کی آنکھوں پر پٹی باندھی، اور گن پوائنٹ پر ان سے 2 لاکھ 60 ہزار روپے نکلوائے۔
مزید برآں، ملزمان نے ان سے نقدی، موبائل فون، اور قیمتی گھڑی بھی چھین لی۔ ایف آئی آر کے مطابق، ملزمان نے انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی اور قریب فائر بھی کیا۔ بعد ازاں، آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے خاتون سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا اور واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی۔