کراچی کے علاقے گلستان جوہر حسین ہزارہ گوٹھ میں گھر کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں 18 سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی جبکہ ایک کمسن بچی زخمی ہوئی۔
پولیس نے مقتولہ کی لاش اور زخمی بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق لڑکی اور زخمی بچی خالہ اور بھانجی ہیں۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ مقتولہ کی بہن ایبٹ آباد سے ملاقات کے لیے کراچی آئی ہوئی تھی۔
تحقیقات کے دوران اہل خانہ کے متضاد بیانات نے معاملے کو مزید مشکوک بنا دیا ہے۔ اہل خانہ نے پہلے دعویٰ کیا کہ فائرنگ گھر کے اندر ہوئی، بعد ازاں بیان دیا کہ یہ واقعہ گلی میں پیش آیا۔
دوسری جانب: گلستان جوہر کے بلاک 9 میں شادی کی تقریب کے دوران جھگڑے میں فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق نوجوان کی شناخت 20 سالہ عابد کے نام سے ہوئی، جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کردی گئی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ شادی کی تقریب میں ہونے والے جھگڑے کے دوران کی گئی۔
ادھر، ناگن چورنگی: کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق شہری اپنی کمیونی کیشن دکان بند کرکے گھر جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار تین ڈاکوؤں نے لوٹنے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر ڈاکوؤں نے اس کے پاؤں میں گولی مار دی، جس سے وہ زخمی ہوگیا۔