انسدادِ پولیو مہم کی تقریب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ رواں سال کی آخری پولیو مہم 16 سے 19 دسمبر تک جاری رہے گی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ میں عالمی شراکت داروں کے تعاون کے لیے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب، بل گیٹس فاؤنڈیشن اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے کردار کو سراہا اور سعودی ولی عہد کے تعاون کو قابلِ قدر قرار دیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پولیو کے خلاف جنگ میں صوبوں کے ساتھ مل کر کامیابی حاصل کریں گے۔ ملک میں پولیو کے 60 کیسز کا سامنے آنا تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران ورکرز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
وزیرِ اعظم نے عزم ظاہر کیا کہ ہم پولیو کو مکمل طور پر ملک سے ختم کرکے دم لیں گے اور انسدادِ پولیو کے حوالے سے پاکستان اس وقت ایک اہم موڑ پر کھڑا ہے۔