وزیراعظم شہباز شریف 18 سے 20 دسمبر تک مصر کا دورہ کریں گے، جہاں وہ ڈی-ایٹ ممالک کی سربراہی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس دورے کے دوران ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شریک ہوں گے جو سربراہی اجلاس سے پہلے منعقد ہوگا۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف غزہ اور لبنان میں جاری انسانی بحران اور تعمیر نو کے چیلنجز پر خصوصی ڈی-ایٹ اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے اصولی مؤقف کو اجاگر کریں گے اور مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کی ضرورت پر زور دیں گے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ سربراہی اجلاس کے دوران وزیراعظم کی دیگر عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔