شانگلہ میں دہشتگردوں نے گنانگر پولیس چیک پوسٹ کو راکٹ لانچر سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق حملے میں اے ایس آئی حسن خان اور ہیڈ کانسٹیبل نثار خان نے جام شہادت نوش کیا۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس واقعے کی شدید مذمت کی اور حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اے ایس آئی حسن خان اور ہیڈ کانسٹیبل نثار خان کی قربانی پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس کا کردار مثالی ہے اور قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔