پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف، عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہماری جماعت کسی دباؤ یا خوف میں مبتلا نہیں ہوتی۔ اگر حکومت نے مذاکرات کرنے ہیں تو کرے، ورنہ ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات میں عدم دلچسپی واضح طور پر نظر آتی ہے۔ ہم کسی کے پاس مذاکرات کے لیے نہیں جائیں گے۔ اگر حکومت کو بات چیت کرنی ہے تو کرے، بصورت دیگر ہم اپنی راہ پر گامزن رہیں گے۔
عمر ایوب نے عمران خان کے القادر ٹرسٹ کیس کا ذکر کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ عدالت میں سماعت مقررہ وقت سے زیادہ کیوں جاری رکھی گئی؟ انہوں نے کہا کہ معمول کے مطابق عدالت کا وقت سہ پہر تین یا چار بجے تک ہوتا ہے، لیکن کل کیس کی کارروائی غیر معمولی طور پر دیر تک چلی۔