بھارت سے ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی واپس لے لی گئی پاکستانی ٹیم کو ویزے دینے سے انکار پر یہ فیصلہ کیا گیا۔
پاکستان میں جاری بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی عدم شرکت کے بعد ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بھارت سے آئندہ ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی واپس لے لی ہے۔
ملتان میں ہونے والے اجلاس میں بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ بھارت کو اگلے سال ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی تھی، لیکن اب یہ اعزاز چھین لیا گیا ہے۔
ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل نے اجلاس میں واضح کیا کہ بھارت پاکستان ٹیم کو ویزے فراہم نہیں کرتا، جیسا کہ 2022 کے بلائنڈ ورلڈ کپ کے دوران ہوا تھا۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ پاکستان اور بھارت کو موجودہ سیاسی تنازعات کے پیش نظر انٹرنیشنل بلائنڈ کرکٹ کی میزبانی نہیں دی جائے گی، اور دونوں ممالک اپنے ایونٹس کسی نیوٹرل مقام پر منعقد کریں گے۔
اس کے ساتھ ہی، اجلاس میں پاکستان کے سید سلطان شاہ کو آئندہ تین سال کے لیے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کا چیئرمین برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔