بلاوایو: پاکستان نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے کو باآسانی 10 وکٹوں سے شکست دے کر فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ پاکستان نے 58 رنز کا ہدف محض چھٹے اوور میں بغیر کسی نقصان کے مکمل کرلیا۔ صائم ایوب نے 36 اور عمیر یوسف نے 22 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اس سے قبل زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مگر ان کی ٹیم 12.4 اوورز میں محض 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ میزبان ٹیم کے برائن بینیٹ نے 21 اور تادیواناشے مارومانی نے 16 رنز بنائے، جبکہ تین کھلاڑی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے صفیان مقیم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، عباس آفریدی نے 2 اور ابرار احمد، حارث رؤف، اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے اس کامیابی کے بعد سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔ پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دی تھی۔