وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف آج پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اسکالرشپ پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کریں گی۔
یہ تقریب فاسٹ یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقد ہوگی، جہاں راولپنڈی ڈویژن کے 2570 طلبہ کو اسکالرشپ دی جائے گی۔ ان میں 1660 اسکالرشپ پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے طلبہ کو جبکہ 637 اسکالرشپ فیڈرل اور پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز کے طلبہ کو فراہم کی جائیں گی۔
ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں پرائیویٹ ٹیکنالوجی اور پروفیشنل یونیورسٹیز کے طلبہ کو بھی شامل کیا گیا ہے، جہاں 68 مختلف شعبوں کے طلبہ کے تعلیمی اخراجات حکومت ادا کرے گی۔
اہلیت کے لیے پنجاب کے وہ طلبہ درخواست دے سکتے ہیں جن کی عمر 22 سال سے کم اور والدین کی ماہانہ آمدنی 3 لاکھ روپے سے کم ہو۔ یہ پروگرام سالانہ 30 ہزار اسکالرشپس فراہم کرے گا، اور چار سال میں یہ تعداد ایک لاکھ 20 ہزار تک پہنچ جائے گی۔
ہونہار اسکالرشپ کے ذریعے طلبہ اپنے مالی مسائل کی فکر کیے بغیر اعلیٰ تعلیم کے مواقع حاصل کر سکیں گے، جبکہ ان کے 100 فیصد تعلیمی اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔
پروگرام میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے درخواستیں آن لائن پورٹل کے ذریعے وصول اور پراسیس کی گئیں۔ پہلے فیز میں یونیورسٹی آف پنجاب کے 2473 طلبہ اور یو ای ٹی لاہور کے 1886 طلبہ کو اسکالرشپ فراہم کی گئی تھی۔