آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو پوری طاقت کے ساتھ ناکام بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے لیے پاکستان کی سرزمین پر کوئی جگہ نہیں ہے، اور دشمن عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف نے پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور انسداد دہشت گردی کے جاری آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا بھی موجود تھے۔
آرمی چیف نے سیکیورٹی فورسز کی غیر معمولی قربانیوں اور کامیابیوں کی تعریف کی اور کہا کہ یہ فورسز دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو تباہ کرنے اور ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری افواج نے دہشت گردوں کے لیڈروں کا خاتمہ یقینی بنایا ہے اور دہشت گرد تنظیموں کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
آرمی چیف نے سیکیورٹی اہلکاروں کی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور کہا کہ ہر آپریشن ان کی لگن اور حوصلے کا ثبوت ہے۔
انہوں نے سیاسی رہنماؤں سے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف ایک متحد عوامی اور سیاسی محاذ بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ قوم اور افواج کو اس جدوجہد میں مکمل حمایت حاصل ہے۔