وزیرِاعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔
دورے کے دوران وزیرِاعظم "ون پلانٹ سمٹ فار واٹر” میں شرکت کریں گے، جو سعودی عرب، فرانس، قازقستان اور عالمی بینک کے اشتراک سے منعقد ہو رہا ہے۔ اس سمٹ کا مقصد عالمی سطح پر پانی کے وسائل کے بہتر انتظام کیلئے مربوط حکمتِ عملی کو فروغ دینا ہے۔
وزیرِاعظم سمٹ کی گول میز کانفرنس سے خطاب کریں گے اور پانی کے معیار کو بہتر بنانے، ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے اور ذریعہ معاش کے نئے مواقع پیدا کرنے پر گفتگو کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیرِاعظم اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔