بلاوایو: تین میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے میں زمبابوے نے ڈک ورتھ لوئس سسٹم (ڈی ایل ایس) کے تحت پاکستان کو 80 رنز سے ہرا دیا۔ بارش سے متاثرہ اس میچ میں قومی ٹیم 206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 21 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 60 رنز ہی بنا سکی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق بالترتیب 11 اور ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، دونوں کھلاڑی بلیسنگ مزاربانی کی گیندوں کا شکار بنے۔
انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو پر شاندار سینچری اسکور کرنے والے کامران غلام بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ نائب کپتان سلمان آغا اور ڈیبیو کرنے والے حسیب اللہ خان بھی جلد آؤٹ ہوگئے، جہاں سلمان 4 رنز اور حسیب بغیر کوئی رن بنائے سکندر رضا کا شکار بنے۔
View this post on Instagram
A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)
">
پاکستانی کپتان محمد رضوان نے 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، تاہم بارش کی مداخلت کے باعث میچ مکمل نہ ہوسکا اور پاکستان کو ہدف سے 80 رنز پیچھے رہنے پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس سے قبل میزبان زمبابوے نے اپنی اننگز میں 205 رنز بنائے تھے۔ رچرڈ نگروا نے 48 اور سکندر رضا نے 39 رنز کے ساتھ اہم اننگز کھیلیں، جبکہ پاکستانی باؤلرز فیصل اکرم اور سلمان علی آغا نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے میچ سے قبل نوجوان کھلاڑیوں کو آزماتے ہوئے ڈیبیو کا موقع دیا۔ فیصل اکرم، عامر جمال، اور حسیب اللہ نے ون ڈے ڈیبیو کیا، لیکن ان کی کارکردگی توقعات پر پورا نہ اتر سکی۔
سیریز کے اگلے میچز 26 اور 28 نومبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچز کا آغاز یکم دسمبر سے ہوگا۔ تمام میچز کا انعقاد بلاوایو میں کیا جائے گا۔