اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس اور دیگر اہم سرکاری عمارتوں پر پاک فوج کے دستے تعینات کر دیے گئے ہیں۔ یہ تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہراہ دستور پر موجود تمام حساس عمارتوں، جن میں پارلیمنٹ ہاؤس، سپریم کورٹ اور دیگر اہم دفاتر شامل ہیں، پر فوجی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ فوج کو ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی قسم کی انتشاری یا تخریبی سرگرمی کا سختی سے جواب دیا جائے۔
یہ اقدام رات گئے پیش آنے والے واقعے کے بعد اٹھایا گیا ہے، جس میں شرپسندوں کی کارروائی کے نتیجے میں 4 رینجرز اہلکار شہید ہو گئے تھے۔ وزارتِ داخلہ نے اس کے فوراً بعد ہنگامی نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے فوج کو طلب کیا اور شرپسند عناصر کو موقع پر قابو پانے کے لیے سخت احکامات دیے گئے ہیں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ صورتحال کو مکمل کنٹرول میں رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں تاکہ دارالحکومت میں امن بحال رکھا جا سکے۔