کراچی: سندھ حکومت نے کراچی میں ڈبل ڈیکر بسوں کی متعارف کرانے کی تیاریوں کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ رواں سال ان بسوں کی خریداری کی جائے گی، جو شارع فیصل پر چلائی جائیں گی۔
منگل کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے بتایا کہ صوبائی حکومت ٹرانسپورٹ منصوبوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، اور شارع فیصل پر ڈبل ڈیکر بسوں کا منصوبہ شہریوں کے لیے ایک اہم قدم ہوگا۔
ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے میں تاخیر کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاخیر یوٹیلیٹی لائنز کی منتقلی کے باعث ہوئی ہے، اور اس میں سندھ حکومت کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو دن بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملیر ایکسپریس وے کا افتتاح کریں گے، جسے کراچی کے شہریوں کے لیے پیپلز پارٹی کا تحفہ قرار دیا گیا ہے۔
شرجیل میمن نے یلو لائن بی آر ٹی کے حوالے سے کہا کہ اس کے بورڈ کے آئندہ اجلاس میں کراچی انڈسٹریل ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جام صادق پل کا کام آئندہ آٹھ ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا