اسٹیٹ بینک نے ورکرز کی ترسیلات زر کا ماہانہ اور ششماہی ڈیٹا جاری کیا، جس کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں نے جولائی تا دسمبر 2024 میں 17 ارب 84 کروڑ ڈالر وطن بھیج کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ دسمبر 2024 میں ترسیلات زر کا حجم 3.1 ارب ڈالر رہا، جو ماہ بہ ماہ 5.6 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 29.3 فیصد زیادہ ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025 کی پہلی ششماہی میں ترسیلات زر میں 32.8 فیصد اضافہ ہوا، جو معاشی استحکام کی علامت ہے۔ سعودی عرب 770 ملین ڈالر کی ترسیلات کے ساتھ سرِفہرست رہا، جبکہ برطانیہ سے دسمبر میں 456.9 ملین ڈالر بھجوائے گئے، جو نومبر کے 409.9 ملین ڈالر کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہے۔ یورپی یونین کی جانب سے ترسیلات زر میں بھی 11 فیصد اضافہ ہوا، جو دسمبر 2024 میں 360.3 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔
متحدہ عرب امارات سے دسمبر میں 631.5 ملین ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں، جو نومبر کے مقابلے میں 2 فیصد زیادہ ہیں۔ سالانہ بنیاد پر یو اے ای سے ترسیلات میں 51 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ امریکہ سے دسمبر میں 284.3 ملین ڈالر آئے، جو ماہانہ بنیاد پر ایک فیصد کم ہیں۔