اسلام آباد ( رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اعظم سواتی کو ڈسٹرکٹ جیل اٹک سے رہائی ملنے کے فوراً بعد دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ٹیکسلا پولیس نے سابق سینیٹر کو جیل کے باہر سے اپنی حراست میں لے کر ایک نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اعظم سواتی کو عدالت سے ضمانت کے بعد رہا کیا گیا تھا، تاہم رہائی کے بعد جیل کے باہر ہی انہیں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔ اس مرتبہ انہیں ٹیکسلا پولیس نے اپنی تحویل میں لیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اعظم سواتی کے خلاف ڈی چوک احتجاج میں مالی معاونت سے متعلق مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کی تھی، جس میں ان کی 8 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی ان کے جسمانی ریمانڈ کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس سنا۔ دوران سماعت عدالت میں انکوائری رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس میں رجسٹرار آفس نے نوٹسز کے جاری ہونے کی تصدیق کی۔