چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے کوئی بھی صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار نہیں۔ الیکشن کمیشن میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق سماعت کے دوران کمیشن نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی کہ فوری طور پر انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی مکمل کی جائے۔
سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی الیکشن کمیشن اپنی تیاریاں مکمل کر لیتا ہے، صوبائی حکومتیں قوانین میں ترامیم کر دیتی ہیں، جس کے باعث بلدیاتی انتخابات کا انعقاد تاخیر کا شکار ہو جاتا ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے پانچ مرتبہ انتخابی قوانین میں تبدیلی کی، جس کی وجہ سے شیڈول کے باوجود بلدیاتی انتخابات ممکن نہ ہو سکے۔
دوسری جانب، چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا تھا کہ جیسے ہی قانون سازی مکمل ہوگی، اس کے تحت انتخابی ضوابط بھی بنا دیے جائیں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں مکمل معاونت فراہم کرے گی۔