میئر لندن سر صادق خان نے سینٹرل لندن میں رمضان لائٹس کی رونمائی کرتے ہوئے کہا کہ یہ مغربی دنیا کا پہلا شہر ہے جہاں رمضان کی مناسبت سے روشنیوں کی سجاوٹ کی جاتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ مسلسل تیسرے سال رمضان لائٹس لگائی جا رہی ہیں، جو لندن کی ثقافتی ہم آہنگی کی عکاسی کرتی ہیں۔
اس موقع پر صادق خان نے کہا کہ اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لیے مقامی کمیونٹیز کو اسلام سے متعلق درست معلومات فراہم کرنا ضروری ہے، کیونکہ بعض عناصر مسلمانوں کے بارے میں گمراہ کن بیانیہ پھیلاتے ہیں۔
انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے افسوس کا اظہار کیا کہ ان کی دونوں پسندیدہ ٹیمیں، انگلینڈ اور پاکستان، ایونٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔ صادق خان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں اچھی فارم میں دکھائی دے رہی ہیں۔ مزید برآں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد سے دنیا کو یہ پیغام گیا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔