لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 24 نومبر کو احتجاج کی کال کو ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔
نواز شریف لندن سے وطن واپسی کے لیے روانگی سے قبل اپنی بیٹی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ ایون فیلڈ ہاؤس سے ائیرپورٹ روانہ ہوئے۔ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھوٹے پروپیگنڈا کرنے والوں کا اصل چہرہ قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 24 نومبر کو احتجاج کی کال دینے والے عناصر ملک کو ڈی ریل کرنے کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، لیکن یہ سازش ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ نواز شریف اور مریم نواز حالیہ دنوں میں لندن میں مقیم تھے، جہاں سے انہوں نے چند دن سوئٹزرلینڈ میں بھی گزارے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کی کال دی ہے۔ اس حوالے سے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ وہ اس بار سر پر کفن باندھ کر نکلیں گے اور مطالبات کی منظوری تک پیچھے نہیں ہٹیں گے۔