پاکستان بھر میں شدید سردی کا موسم پوری شدت کے ساتھ شروع ہو چکا ہے۔ شمالی علاقوں میں برفباری اور موسلا دھار بارشوں کے بعد سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے، جس کی وجہ سے تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔
گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت لیہہ میں منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی میں بھی سرد ہواؤں کے سبب شہری ٹھٹھرتے نظر آئے، جبکہ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس آج بھی 223 کے ساتھ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں سرِفہرست ہے۔
آزاد کشمیر میں بھی سردی کی شدت بڑھنے کے بعد حکومت نے نجی اور سرکاری اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کی ہے۔ آج سے اسکول صبح 9 بجے کھلیں گے اور 2:30 بجے بند ہوں گے، جبکہ جمعہ کے دن اسکولوں کا وقت صبح 9 بجے سے 12:30 بجے تک محدود ہوگا۔
ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ خشک سردی کے سبب آزاد کشمیر سمیت کئی علاقوں میں شہری مختلف بیماریوں، جیسے نزلہ، زکام اور گلے کی سوزش میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں تک ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔