وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں نے موسم سرما کی تعطیلات کے لیے شیڈول جاری کر دیا۔
پرائیوٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی کے نوٹیفکیشن کے مطابق، اسلام آباد کے نجی اسکول اور کالجز 21 دسمبر سے 5 جنوری تک بند رہیں گے، اور 6 جنوری سے تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو جائیں گی۔
پنجاب
پنجاب میں اسکولوں کی موسم سرما کی تعطیلات کی تاریخوں میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق سردیوں کی چھٹیاں 23 دسمبر سے شروع ہو کر 13 جنوری 2025 کو ختم ہوں گی۔ یہ فیصلہ تمام سرکاری و نجی اسکولوں پر لاگو ہوگا۔
خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا کے محکمہ تعلیم نے اسکولوں کے لیے موسم سرما کی چھٹیوں کا شیڈول جاری کیا ہے۔ میدانی علاقوں کے اسکولز 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک بند رہیں گے، جبکہ پہاڑی علاقوں کے اسکولز 22 دسمبر سے 28 فروری 2025 تک تعطیلات کے لیے بند ہوں گے۔
بلوچستان
بلوچستان میں تعلیمی اداروں کی موسم سرما کی تعطیلات کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ سرد علاقوں میں 16 دسمبر سے 28 فروری تک اسکول بند رہیں گے، جبکہ گرم علاقوں کے اسکولز یکم جنوری سے 10 جنوری تک بند کیے جائیں گے۔
سندھ
سندھ میں بھی سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ صوبے کے تمام اسکول اور کالجز 22 دسمبر 2024 سے 31 دسمبر 2024 تک بند رہیں گے۔