انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، میگا ایونٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک کھیلا جائے گا۔
میگا ایونٹ کا پہلا میچ 19 فروری کو کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا، جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گے۔
شیڈول کے مطابق، چیمپئنز ٹرافی کے 15 میچز پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مختلف شہروں میں ہوں گے، جن میں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور دبئی شامل ہیں۔ بھارتی ٹیم اپنے تمام میچز نیوٹرل وینیو دبئی میں کھیلے گی۔
8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، اور بنگلہ دیش جبکہ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، اور افغانستان شامل ہیں۔
ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو دبئی میں اور دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو لاہور میں ہوگا۔ فائنل 9 مارچ کو شیڈول ہے، جو بھارت کے فائنل میں پہنچنے پر دبئی میں ہوگا، بصورت دیگر لاہور میں ہوگا۔
طے شدہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت 2025 سے 2027 تک چیمپئنز ٹرافی اور دیگر ایونٹس نیوٹرل وینیو ماڈل پر ہوں گے، جبکہ بھارت میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے بھی پاکستان اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا۔
View this post on Instagram
">