محکمہ موسمیات نے پیر کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت شدید سردی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھانے کی توقع ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں صبح کے وقت بعض مقامات پر کہرہ پڑنے کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
آج کے روز بھی ملک کے زیادہ تر علاقوں میں سرد اور خشک موسم رہا، تاہم مشرقی اور شمال مشرقی پنجاب کے کچھ علاقوں میں بارش ہوئی۔ پنجاب کے اکثر اضلاع میں درمیانی سے شدید دھند کا راج رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش پنجاب کے شہروں اوکاڑہ میں 12 ملی میٹر، نارووال میں 11 ملی میٹر، ساہیوال میں 7 ملی میٹر، بہاولنگر اور قصور میں 3، 3 ملی میٹر اور سیالکوٹ ایئرپورٹ پر 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے اور کم سے کم درجہ حرارت لہہ، استور، گوپس، اور اسکردو میں منفی 10 ڈگری، جبکہ بگروٹ، کالام، اور گلگت میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔