پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کے کیس کا فیصلہ ملتوی ہونا غیر مناسب ہے۔ انہوں نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ذہنی طور پر تیار تھے کہ آج فیصلہ سنایا جائے گا۔ "ہم مکمل تیاری کے ساتھ آئے تھے، لیکن جج اتنی جلدی میں عدالت چھوڑ گئے، یہ بات حیرت انگیز ہے۔”
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدالتی عملے نے پہلے مطلع کیا تھا کہ فیصلہ آج صبح 11 بجے سنایا جائے گا، لیکن جیل پہنچنے سے پہلے معلوم ہوا کہ فیصلہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف یہ کیس سیاسی بنیادوں پر ہے۔ اگر فیصلہ انصاف پر مبنی ہوتا تو بانی پی ٹی آئی کو آج بری کر دیا جاتا۔ بانی پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کے کیس کا فیصلہ جلد از جلد ہونا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمیں عدالت کے رویے میں ناانصافی نظر آتی رہی ہے، اور یہ تصور غلط ہے کہ مذاکرات کی وجہ سے فیصلہ مؤخر کیا جا رہا ہے۔