واشنگٹن: امریکا کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری بار عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے خطاب میں ’’سب سے پہلے امریکا‘‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے جنوبی سرحدوں پر ایمرجنسی نافذ کرنے اور غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کا اعلان کر دیا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’ہم امریکا کو دنیا بھر میں عظیم اور قابل فخر قوم بنائیں گے۔‘‘ انہوں نے وعدہ کیا کہ ان کی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر ’’امریکا سب سے پہلے‘‘ کی پالیسی پر عمل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی، قومی سلامتی اور شہریوں کا تحفظ ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہوں گے۔ ’’ہم کسی بھی ملک کو اپنے فائدے کے لیے امریکا کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔‘‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام لگایا کہ پچھلی حکومتیں شہریوں کی حفاظت میں ناکام رہیں اور خطرناک مجرموں کو تحفظ دیا، جو غیر قانونی طریقے سے امریکا میں داخل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پالیسی میکسیکو سرحد کے ذریعے غیر قانونی داخلے کو روکنے پر خصوصی توجہ دے گی۔
صدر ٹرمپ نے امریکی صحت عامہ اور تعلیمی نظام پر بھی تنقید کی، کہا کہ ان اداروں کو درست کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’آج وہ دن ہے جب تبدیلی شروع ہو رہی ہے۔‘‘
انہوں نے اپنی قاتلانہ حملے کی کوشش پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’’خدا نے مجھے بچایا تاکہ میں امریکا کو دوبارہ عظیم بنا سکوں۔‘‘
ٹرمپ نے اعلان کیا کہ 20 جنوری 2025 کو امریکا میں ’’یومِ آزادی‘‘ کے طور پر منایا جائے گا، اور یہ دن قومی اتحاد کی بحالی کا نشان ہو گا۔