اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی سماعت ہوئی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی، جس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ یہ کیس 30 اپریل 2024 سے زیر التوا ہے اور اب تک پی ٹی آئی کی جانب سے تحریری جواب جمع نہیں کروایا گیا۔ انہوں نے بیرسٹر گوہر کو ہدایت دی کہ پانچ درخواستوں اور نوٹسز کا جواب فوری طور پر فراہم کریں۔
بیرسٹر گوہر نے وضاحت کی کہ نوٹسز کا جواب پہلے ہی دیا جا چکا ہے، جبکہ درخواست گزاروں کے اعتراضات کا جواب آئندہ سماعت پر پیش کر دیا جائے گا۔
اکبر ایس بابر، جو کہ کیس کے درخواست گزار ہیں، نے کمیشن سے درخواست کی کہ کیس کے فیصلے تک پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس منجمد کر دیے جائیں۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 11 فروری تک ملتوی کر دی۔