لاہور کے تاریخی شاہی قلعہ گراؤنڈ میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کی افتتاحی تقریب شاندار انداز میں منعقد کی گئی، جس میں قومی اور بین الاقوامی کرکٹرز سمیت آئی سی سی کے سی ای او جیف ایلڈر ڈائس نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، اور پی سی بی چیئرمین کے ایڈوائزر عامر میر و وہاب ریاض بھی شریک ہوئے۔ 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں، جن میں سرفراز احمد، حسن علی، اظہر علی، شاداب خان، عماد وسیم اور حارث سہیل شامل تھے، نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
سابق جنوبی افریقی بلے باز جے پی ڈومنی اور نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر ٹم ساؤتھی سمیت کئی بین الاقوامی کھلاڑی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو نے تقریب میں خصوصی شرکت کی، جہاں محسن نقوی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔
اپنے خطاب میں محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ایک تاریخی موقع ہے اور قذافی اسٹیڈیم کو عالمی معیار کے مطابق مکمل کر لیا گیا ہے۔ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو جیف ایلڈر ڈائس نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان کے پاس کرکٹ کے لیے اپنی لگن کا اظہار کرنے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے قذافی اسٹیڈیم کی 117 روز میں تعمیر مکمل ہونے کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور شائقین کو اگلے دو ہفتوں تک بہترین کرکٹ دیکھنے کی نوید سنائی۔