چیمپئنز ٹرافی: بھارت کی شاندار فتح، بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے شکست
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے گروپ اے کے ایک اہم میچ میں بھارت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس میچ میں جہاں بنگلادیش کے توحید ہریدوئی نے سنچری اسکور کی، وہیں بھارتی اوپنر شبمن گل نے بھی اپنی بہترین بیٹنگ سے میچ کا رخ بھارت کے حق میں موڑ دیا۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم بھارتی بولرز نے ابتدا ہی میں انہیں شدید مشکلات سے دوچار کر دیا۔ بنگلادیش کی ٹیم 228 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، جس کے جواب میں بھارت نے 47ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔
بنگلادیش کی بیٹنگ: ابتدائی مشکلات اور توحید ہریدوئی کی مزاحمت
بنگلادیش کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 35 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ ابتدائی بلے بازوں میں تنزید حسن 25، مہدی حسن میراز 5، جبکہ کپتان نجم الحسن شانتو، سومیا سرکار اور تجربہ کار مشفق الرحیم صفر پر آؤٹ ہو گئے۔
تاہم، چھٹی وکٹ پر توحید ہریدوئی اور جاکر علی نے 154 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، جس کی بدولت بنگلادیش ایک معقول اسکور تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔ جاکر علی 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ توحید ہریدوئی نے 49ویں اوور میں اپنی سنچری مکمل کی اور 108 رنز بنا کر ٹیم کی آخری وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔
بھارتی بولنگ کا جادو
بھارت کی جانب سے محمد شامی نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ہرشت رانا نے 3 جبکہ اکشر پٹیل نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
بھارت کی بیٹنگ: شبمن گل کی سنچری اور شاندار کامیابی
ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کا آغاز کیا۔ اوپنرز شبمن گل اور روہیت شرما کے درمیان 69 رنز کی شراکت ہوئی، جس کے بعد روہیت شرما 41 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ویرات کوہلی نے 22، شریاس ایئر نے 15 اور اکشر پٹیل نے 8 رنز کی اننگز کھیلی۔
تاہم، پانچویں وکٹ پر شبمن گل اور کے ایل راہول کے درمیان 87 رنز کی ناقابلِ شکست پارٹنرشپ نے بھارت کو فتح دلا دی۔ شبمن گل نے 101 رنز کی شاندار سنچری اسکور کی جبکہ کے ایل راہول 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلادیش کی بولنگ جدوجہد کا شکار
بنگلادیش کے لیے رشد حسین سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ تسکین احمد اور مستفیض الرحمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہیت شرما نے کہا کہ "ہر ٹیم ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے میدان میں اترتی ہے اور ہمارا بھی یہی مقصد ہے۔”