انسداد دہشت گردی عدالت نے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کو ٹرک جلانے کے دو مقدمات میں ضمانت دے دی، تاہم پولیس نے انہیں ایک اور مقدمے میں گرفتار کرلیا۔
کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں لانڈھی اور کورنگی میں ٹرک نذر آتش کرنے کے مقدمات کی سماعت ہوئی، جہاں پولیس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ آفاق احمد کے خلاف لانڈھی اور عوامی کالونی تھانے میں مقدمات درج ہیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد آفاق احمد کی دونوں مقدمات میں ایک، ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔ تاہم، ان کے وکیل کے مطابق، ضمانت کے بعد پولیس نے سرجانی ٹاؤن تھانے میں درج ایک اور مقدمے میں انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا، جو مبینہ طور پر ڈمپر جلانے سے متعلق تھا۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں کراچی میں ٹرک اور ڈمپر کے بڑھتے ہوئے حادثات کے بعد متعدد گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا تھا، جس کے بعد آفاق احمد کو ان واقعات سے متعلق دیے گئے بیانات پر گرفتار کیا گیا تھا۔